اسلا م آباد (نیوز ڈیسٰک) معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو پولیس وردی کا مذاق اڑانے پر گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، کاشف ضمیر کو لاہور کے مضافاتی علاقے سے حراست میں لے کر شہر منتقل کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق، ٹک ٹاکر کے خلاف تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں مقدمہ درج ہے، جس میں پیکا ایکٹ کی دفعات سمیت دیگر سنجیدہ الزامات شامل کیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کاشف ضمیر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ایک پولیس اہلکار کے ساتھ موجود ہو کر وردی میں نامناسب حرکات کی گئیں۔ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کاشف نے ایک تقریب کے دوران پولیس اہلکار کو نوٹوں سے بھری تھال پیش کی، جسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس نے اس معاملے میں فوری ایکشن لیتے ہوئے نہ صرف کاشف ضمیر بلکہ مذکورہ پولیس اہلکار کے خلاف بھی مقدمات درج کیے ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق، ایسی حرکات قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں اور عوام میں پولیس کے وقار اور اعتماد کو متاثر کرتی ہیں۔پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے مصنوعی ذہانت کی مدد سے ایک نئی ویڈیو تیار کی جس میں پولیس اہلکار کی وردی کا رنگ تبدیل کیا گیا تاکہ اصل ویڈیو کی تردید کی جا سکے۔ تاہم، تفتیش جاری ہے اور حکام کا مؤقف ہے کہ ملوث تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھرپور انداز میں کی جائے گی۔اس واقعے کے بعد متعلقہ پولیس اہلکار کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، تاکہ محکمانہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔