اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ سوہا علی خان نے حالیہ انٹرویو میں اپنے خاندان کے ماضی کے ایک پراسرار اور خوفناک واقعے کا انکشاف کیا ہے، جس میں ان کی پھوپھی کو مبینہ طور پر ایک “جن” نے تھپڑ مارا تھا۔
سوہا علی خان، جو ان دنوں ہارر فلم چھوری 2 میں اپنے کردار کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں، نے گفتگو کے دوران بتایا کہ ماضی میں ان کا خاندان پٹودی پیلس کے قریب ایک پرانی زرد رنگ کی کوٹھی میں رہتا تھا۔ ان کے مطابق یہ کوٹھی بوسیدہ اور سنسان حالت میں تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ اگرچہ وہ اس واقعے کے وقت پیدا نہیں ہوئی تھیں، لیکن ان کے اہلِ خانہ نے یہ واقعہ کئی بار بیان کیا۔ سوہا کے مطابق، “میری پھوپھو کو اس کوٹھی میں ایک رات اچانک کسی غیرمرئی قوت نے تھپڑ مارا، اور ان کے چہرے پر اس کا نشان بھی موجود تھا۔ یہ ایک ایسا تجربہ تھا جس نے پورے خاندان کو ہلا کر رکھ دیا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “اس واقعے کے بعد ہمارے اہل خانہ نے بغیر کوئی وقت ضائع کیے وہ کوٹھی خالی کر دی، اور آج تک وہ کوٹھی ویران پڑی ہے۔”
یاد رہے کہ سوہا علی خان اپنی نئی فلم چھوری 2 میں “داسی ماں” نامی کردار ادا کر رہی ہیں، جو ناظرین کو چونکا دینے میں کامیاب رہا ہے۔ یہ فلم 2021 میں ریلیز ہونے والی چھوری کا سیکوئل ہے، جس میں نصرت بھروچا نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔