کراچی (این این آئی)اداکارہ نادیہ حسین نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بار سلمان خان کی پارٹی میں شرکت کیلئے بہت منت سماجت کی۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نادیہ حسین نے بتایا کہ ایک اشتہار کی شوٹنگ کیلئے بھارت جانا ہوا، اس موقع پر جس ہوٹل میں قیام پزیر تھی اسی ہوٹل میں سلمان خان کی بہن کی سالگرہ کی تقریب بھی منعقد تھی جس میں کئی بالی ووڈ اسٹارز مدعو تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب مجھے اس بات کا علم ہوا تو میں نے اس پارٹی میں جانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا، کئی لوگوں کی منت سماجت بھی کرنی پڑی لیکن بلآخر مجھے بڑی مشکل سے اس پارٹی میں جانے کی اجازت ملی۔نادیہ حسین نے بتایا کہ یہ اس وقت کی بات ہے جب سلمان خان اور کترینہ کیف جبکہ دپیکا اور رنبیر کپور کا افیئر اپنے عروج پر تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پارٹی میں اداکارہ دپیکا پڈوکون اور اداکار رنبیر کپور ایک ساتھ کافی خوش تھے لیکن سلمان خان اور کترینہ کیف کے درمیان مسائل شروع ہو چکے تھے جو واضح طور پر دکھائی دے رہے تھے۔اداکارہ نے بتایا کہ بالی ووڈ اسٹارز کی پارٹیاں بھی پاکستانیوں کی طرح ہی ہوتی ہیں، اس پارٹی میں جا کر بہت خوشی محسوس ہوئی جہاں کئی بالی ووڈ شخصیات کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔