ممبئی (این این آئی) بھارتی اداکار راشد خان بالی ووڈ کی فلموں پر تبصرے کرنے کی وجہ سے اکثر میڈیا کی زینت بنے رہتے ہیں، حالیہ ایک ویڈیو پیغام میں اداکار نے نئی بالی ووڈ فلم فائٹر کے ٹریلر پر تنقید کر کے بھارتی فلم انڈسٹری کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔سوشل میڈیا پر راشد خان کا ایک ویڈیو بیان وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ فلم فائٹر کے ٹریلر پر شدید تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں، اداکار نے بھارتی فلمسازوں کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا ہے کہ میری سمجھ میں نہیں آتا ہر فلم میں پاکستان پر ہی بمباری کیوں ہوتی ہے کبھی چائنہ پر کیوں نہیں ہوئی، چائنہ سے بھی ہمارا اتنا ہی جھگڑا ہے جتنا پاکستان سے ہے۔
بالی ووڈ اداکار راشد خان نے ویڈیو پیغام میں مزید کہا ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آتا ہر فلم میں پاکستان پر ہی کیوں بمباری کی جاتی ہے، چین پر بمباری کرنے میں کیا مسئلہ ہے، فلم فائٹر کے ٹریلر میں دکھایا گیا کہ ہمارے افسر پی او کے میں اتر جاتے ہیں اور پھر وہاں لڑائی شروع ہو جاتی ہے اور بھارتی افسر پاکستان کو تباہ کر دیتے ہیں۔