ممبئی(این این آئی)بھارتی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو گرفتار کرنے والے اینٹی نارکوٹکس افسر سمیر وانکھیڈے کے خلاف کرپشن کا کیس درج کرلیا۔ سی بی آئی کے مطابق سمیر وانکھیڈے اور دیگر اہلکاروں نے آریان خان کو منشیات کیس میں نہ پھنسانے پر25کروڑ کی رشوت طلب کی تھی۔جس رات کروز پر چھاپہ مار کر آریان کو گرفتار کیا گیا اس وقت سمیر وانکھیڈے ممبئی میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل چیف تھے۔آریان خان کو چار ہفتے جیل میں گزارنا پڑے اور بعد میں انہیں ناکافی ثبوت کی بنا پر مئی 2022میں اینٹی ڈرگ ایجنسی نے کلین چٹ دے دی تھی۔قبل ازیں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے دعویٰ کیا تھا کہ وانکھیڈے کی تفتیش میں بہت سی خامیاں تھیں اور انہیں پچھلے برس چنائی میں ٹیکس پیئر سروس ٹرانسفر کردیا گیا تھا۔