نیویارک(این این آئی) معروف امریکی بزنس ٹائیکون اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے ویب سیریز ’دی رنگز آف پاور‘ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ایلون مسک نے ٹویٹر پر اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ سوائے گیلیڈریئل کے ایمازون کی نئی سیریز کا
ہر مرد کردار یا تو بزدل یا بے وقوف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹالکین کو اس سیریز سے اپنی قبر میں تکلیف ہورہی ہوگی، واضح رہے کہ ٹالکین ’لارڈ آف دی رنگز‘ سیریز کے مصنف تھے۔مبصرین ایلون مسک کی تنقید کو ان کی ایمازون کے بانی جیف بیزوس کے ساتھ پرانی دشمنی کا اشتعال قرار دے رہے ہیں۔مسک اور بیزوس کئی برسوں سے تجارتی حریف ہیں چناں چہ ’دی رنگز آف پاور‘ پر ایلون مسک کی تنقید حیران کن نہیں ہے۔واضح رہے کہ دونوں ارب پتی بزنس مین خلائی جہاز کی صنعت سے بھی وابستہ ہیں، مسک کی کمپنی ’اسپیس ایکس‘ اور بیزوس کی کمپنی کا نام ’بلیو اوریجن‘ ہے۔دوسری طرف فلم ناقدین ’دی لارڈ آف دی رنگز‘ کے پریکوئل سیریز کو ایک شہکار قرار دے رہے ہیں اور سیریز کی پہلی دو اقساط کو صرف چوبیس گھنٹے کے دوران 25 ملین افراد نے دیکھا ہے۔