ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ کی اداکارہ راکھی ساونت نے اپنے مبینہ شوہر رتیش سے علیحدگی کی تصدیق کردی۔ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر راکھی ساونت نے شوہر کے ساتھ علیحدگی کی خبر سے متعلق بتاتے ہوئے لکھا کہ میں اپنے تمام چاہنے والوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ رتیش اور میں نے اب الگ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔راکھی ساونت نے مزید کہا کہ بگ باس شو کے بعد بہت کچھ ہوا ہے،
میں کچھ چیزوں سے لاعلم تھی جو میرے قابو سے باہر تھیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ ہم نے اپنے اختلافات کو دور کرنے کی کوشش کی اور چیزوں کو کم کرنے کی کوشش کی لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ بہتر ہے کہ ہم دونوں آگے بڑھیں اور دوستانہ طور پر دونوں الگ الگ اپنی زندگیوں سے لطف اندوز ہوئیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ میں واقعی میں اداس ہوں اور میرا دل بھی ٹوٹا ہوا ہے کہ یہ ویلنٹائن ڈے سے پہلے ہونا تھا لیکن مجبوراً ہمیں فیصلہ کرنا پڑا۔راکھی ساونت نے مزید کہا کہ میں امید کرتی ہوں رتیش اپنی زندگی بہتر طریقے سے گزاریں گے، اس کے بعد مجھے اپنے کام اور اپنی زندگی پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی اور خود کو خوش اور صحت مند رکھنا ہوگا۔انہوں نے رتیش کے بارے میں مزید لکھا کہ مجھے ہمیشہ سمجھنے اور سپورٹ کرنے کے لیے آپ کا شکریہ! راکھی ساونت نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے، کیپشن کے ساتھ ہاتھ جوڑنے کے ایموجی کا استعمال بھی کیا۔اداکارہ راکھی ساونت نے بگ باس سیزن 15 میں رتیش کو اپنے شوہر کے طور پر متعارف کروایا تھا۔حال ہی میں راکھی نے رتیش کے ساتھ اپنی شادی کے قانون کے مطابق قانونی نہ ہونے پر برا بھلا کہا تھا لیکن بعد میں اپنا موقف بدل دیا۔جب وہ بگ باس کے گھر کے اندر تھے، رتیش کی پہلی بیوی سنیگدھا پریا نے ان پر الزامات لگائے تھے۔راکھی ساونت نے رتیش کے خلاف سنیگدھا کے الزامات (گھریلو تشدد ) پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا تھا کہ “میں رتیش سے واقعی خوش ہوں۔ میں جانتی ہوں کہ میرے شوہر پر لگائے گئے تمام الزامات غلط ہیں۔ وہ ایسا نہیں ہے جیسا کہ وہ اسے بنا رہے ہیں۔ میں ابھی کچھ عرصے سے اس کے ساتھ رہی ہوں اور میں اسے اچھی طرح جانتی ہوں۔ وہ بیلجیئم سے آئے تھے اور پھر بگ باس کے گھر میں داخل ہوئے، اس نے مجھے بہت پیار دیا ہے۔راکھی ساونت کا یہ بھی کہنا تھا کہ سرکاری طور پر، ہم اب شادی نہیں کریں گے۔ دوسرے جو کچھ بھی کہیں، میرے لیے رتیش بہت اچھے شوہر ہیں۔ میں نہیں جاننا چاہتی کہ سنیگدھا پریا نے کیا کہا، میں اسے سننا نہیں چاہتی۔ میں صرف اتنا جانتی ہوں کہ رتیش میرے لیے بہت اچھے ہیں اور وہ ایک اچھے شوہر ثابت ہوں گے اور میں جانتی ہوں کہ ہم دونوں ایک اچھی جوڑی ثابت ہوں گے۔