لاہور(این این آئی + مانیٹرنگ) بلال سعید کی جانب سے ایک ویڈیو شیئرکی گئی ہے جس میں بلال سعید نے جھگڑے کے بعد اپنے گھر کا نظارہ کرایا ہے اور اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے کہ میں عورتوں کا احترام کرنا جانتا ہوں اور میں یہ بھی جانتا ہوں کہ خواتین کی حفاظت کیسے کرنی ہے، میں نے اپنے خاندان کی حفاظت کے
لئے ہاتھ اٹھایا، انہوں نے کہا کہ میں کافی عرصہ سے ان کی بلیک میلنگ اور غیر مناسب رویہ کا شکار ہوں، بطور آرٹسٹ میری ترجیح میرا کیرئیر ہے لیکن یہ لوگ میری اس مجبوری کا طویل عرصہ سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈولفن پولیس کے مطابق رضا سعید کی جانب سے 15 پر کال موصول ہوئی کہ اس کی بیوی پر بلال سعید نے تشدد کیا ۔کال پر ڈولفن ٹیم موقع پر پہنچی تو بلال سعید گھر سے نکلے اور اپنے بھائی کو تھپڑ دے مارا،بلال سعید نے اپنے بھائی رضا سعید اور اپنی بھابھی سے جھگڑا کیا۔وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلال سعید اپنی بھابھی پربھی تشدد کر رہے ہیں۔ڈولفن ٹیم نے دونوں پارٹیوں کو تھانہ سندر کے حوالے کر دیا تھا۔بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ دنوں کا ہے جس کی ویڈیو اب وائرل ہوئی ہے۔پولیس کی موجودگی میں بلال سعید نے اپنی بھابھی اور بھائی سے جھگڑا کیا اور اس دوران آپے سے باہر ہو گئے اور بھائی کو تھپڑ جڑ دیا، اس کے بعد اپنی بھابھی پر بھی حملہ کر دیا، لاتوں اور گھونسوں کا استعمال کیا، واضح رہے کہ بلال سعید نے اپنے بھائی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے درخواست بھی دی تھی لیکن فریقین کے درمیان صلح ہو گئی جس کے بعد مقدمہ درج نہیں کیا گیا، بلال سعید کے منیجر مرتضیٰ کا اس معاملہ پر کہنا تھا کہ بلال سعید اس واقعہ پر کوئی بات
نہیں کرنا چاہتے۔ بلال سعید کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور سوشل میڈیا صارفین کا بھی اس پر شدید ردعمل آیا ہے ، انہوں نے بلال سعید کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، ایک صارف نے کہا کہ بلال سعید کو کیا حق پہنچتا ہے کہ وہ کسی خاتون کو مارے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی مسجد وزیر خان میں شوٹنگ کی وجہ سے بلال سعید اور صبا قمر تنقید کا نشانہ بن چکے ہیں۔