لاہور( این این آئی)معروف گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی عبدالوحید کے مقدمے کا ڈراپ سین ہوگیا،مقتول عبدالوحید کے کیس کی واردات میں بیوی کا بھائی ہی ملوث نکلا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق مقتول عبدالوحید کا اپنا بیوی کے
ساتھ لڑائی جھگڑا رہتا تھا جس کا ملزم کو رنج تھا، گرفتار ملزم دین عباس نے اپنے دوست ارسلان رضا کے ساتھ مل کر مقتول عبدالوحید کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔ملزم دین عباس اور ارسلان رضا قتل کی سنگین واردات کے بعد روپوش ہوگئے تھے۔ڈی ایس پی بادامی باغ محمد اکرم اور انچارج انویسٹی گیشن محمد نواز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کے علاقے بادامی باغ میں گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی کو قتل کردیا گیا تھا، پولیس نے گلوکارہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔مدعیہ نے مقدمے میں موقف اپنایا تھا کہ میرے بھائی کو اس کے سالوں نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی تھیں۔