لاہور( این این آئی) سینئر اداکار راشد محمود نے احتجاجاًپاکستان ٹیلی وژن پر کام نہ کرنے کا اعلان کر دیا ۔ اپنے جاری کردہ ویڈیو بیان میں راشد محمود نے کہا کہ پاکستان کے جس گھر میں بھی ٹیلی وژن موجود ہے میں چار دہائیوں سے اس گھر
کا مکین ہوں ، میں نے ملک کیلئے کیا خدمات سر انجام دی ہیں سب اس سے آگاہ ہیں اور میں ایک کھلی کتاب کی طرح ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ دو برس سے پی ٹی وی پر کوئی کام نہیں لیکن خیر حکومت نے تو سارے کام بند کر دئیے ہیں اس لئے ہمارا کام بھی بند ہے ،رزق دینے والی خدا کی ذات ہے اور وہ مجھے رزق دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پی ٹی وی کی جانب سے دو سال قبل مجھے عاشورہ محرم کیلئے مرثیہ پڑھنے کے لئے بلایا گیا اور میں بر ملا کہتا ہوں کہ مرثیہ ہر کوئی نہیں پڑھ سکتا ۔ میں نے مرثیہ ریکارڈ کرا دیا اور وہ چل بھی گیا لیکن اب دو سال کے بعد اس کا چیک آیا تو اس کی رقم 620روپے تھی ۔ نئے پاکستان میں میرے مدر انسٹی ٹیوٹ کا یہ رویہ قابل مذمت ہے ۔ پی ٹی وی پر لوگ 15سے 25لاکھ روپے تک ماہانہ وصول کر رہے ہیں حالانکہ ان کا شوبز سے کوئی تعلق بھی نہیں ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ میں احتجاجاً آئندہ پاکستان ٹیلی وژن پر کام نہیں کروں گا۔