لاہور( آن لائن ) عالمی شہرت یافتہ گلوکار شوکت علی صحتیاب ہو کر اسپتال سے گھر منتقل ہوگئے ہیں۔ حکومت پنجاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ممتازفنکار کے علاج پر آنے والے تمام اخراجات حکومت نے برداشت کیے ہیں۔ مطابق پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں بتایا ہے کہ شوکت علیل ہونے کے بعد حکومتی اسپتال میں زیر علاج تھے اور ان پر آنے والے تمام اخراجات صوبائی حکومت نے برداشت کیے ہیں۔پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایوان کو بتایا کہ معروف لوک فنکار اب
طبیعت میں بہتری آنے کے بعد اسپتال سے اپنے گھر منتقل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ اس ضمن میں حکومت اپنی ذمہ داری پوری کریگی۔ صوبائی وزیرصحت نے ایوان کو یہ بات پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی عظمیٰ بخاری کی جانب سے اس الزام کے جواب میں بتائی کہ ملک کے معروف گلوکار شوکت علی بیمار ہیں لیکن کسی بھی حکومتی شخصیت نے انکی عیادت نہیں کی ہے۔پی ایم ایل (ن) کی رکن اسمبلی کا مؤقف تھا کہ شوکت علی پاکستان کا سرمایہ ہیں اور اس وقت انہیں مالی امداد کی اشد ضرورت ہے۔