لاس اینجلس (این این آئی)ہولی ووڈ کے نامور اداکار آرنلڈ شوارتزنگر کو صرف امریکا میں ہی پسند نہیں کیا جاتا بلکہ ان کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں۔یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں موجود ان کے مداح چاہتے ہیں کہ اداکار ان کے ممالک کا دورہ کریں تاکہ مداحوں کو ان سے ملاقات کا موقع ملے۔اس ہی حوالے سے حال ہی میں رپورٹس سامنے آرہی تھی کہ اداکار رواں سال نومبر میں بھارت کا دورہ کریں گے، البتہ آرنلڈ شوارتزنگر نے ان تمام قیاس
آرائیوں کو بے بنیاد ٹھہرا دیا۔سامنے آئی افواہوں کے مطابق آرنلڈ شوارتزنگر بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں رکھے گئے ایک فٹنس مقابلے میں شریک ہونے جارہے تھے۔البتہ ہولی وڈ اداکار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان تمام افواہوں کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس بھارت آنے کا وقت نہیں ہے۔آرنلڈ شوارتزنگر کا کہنا تھا کہ یہ تمام خبریں جعلی ہیں، میرے پاس ابھی وقت نہیں کہ بھارت آسکوں، اگر وقت ملا تو مستقبل میں اس حوالے سے سوچوں گا۔