لاہور(این این آئی)اداکار ہ و گلوکارہ رابی پیرزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان فلم ،ٹی وی اور تھیٹر کے میدان میں ہمیشہ بھارت کے مقابلے میں آگے رہا ہے ، پاکستانی ٹی وی ڈرامہ ہمیشہ بڑا مقبول رہا ہے اوربھارتی ہدایتکاروں نے ہمارے پراجیکٹس سے رہنمائی حاصل کی ۔ ایک انٹر ویو میں رابی پیرزادہ نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں اور فلموں کاہمیشہ طوطی بولتا رہا ہے ۔آج کے دورمیں فلموں کے شعبے میں ہمیں تھوڑی مشکلات درپیش ہیں لیکن ابھی بھی
اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔بھارت میں کثیر لاگت سے فلمیں بنتی ہیں اور آبادی کے لحاظ سے بڑا ملک ہونے کی وجہ سے ان کا سرمایہ واپس بھی آ جاتا ہے اس لئے ایسا لگتا ہے وہاں انڈسٹری بہت ترقی کر رہی ہے ،پاکستان اس کے مقابلے میں آبادی کے لحاظ سے کئی گنا چھوٹا ہے اور اس کی مارکیٹ کا حجم بھی اس سے کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ٹی وی اوراسٹیج میں بھارت کو ہمیشہ مات دی ہے اور اس میں ہمارا کوئی ثانی نہیں۔