کراچی(این این آئی) شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد کھلاڑیوں کے ساتھ کی جانے والی بدسلوکی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم مسلسل عوام کے غصے کا نشانہ بن رہی ہے۔
کھلاڑی جہاں جاتے ہیں لوگ ان کی ذاتیات پر جملے کستے ہوئے اپنا غصہ ان پر نکالتے ہیں۔ حال ہی میں کپتان سرفراز احمد کے ساتھ ایک شخص کی بدسلوکی کی ویڈیو نے ہنگامہ مچادیا ہے۔ جس میں وہ شخص سرفراز کے لیے بھارت کے ہاتھوں شکست پر نہایت ناشائستہ زبان استعمال کرتا نظر آرہاہے۔اس ویڈیو پر جہاں شائقین کرکٹ اپنے غصے کا اظہار کررہے ہیں وہیں شوبز فنکاروں نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گلوکارو اداکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے خلاف غیر مہذب زبان کا استعمال کرنا درست نہیں۔ میں کرکٹ کا ماہر نہیں لیکن مداحوں کی کھلاڑیوں سے بدسلوکی پر افسوس ہوا۔ کھلاڑی بھی انسان ہوتے ہیں غیر مہذب الفاظ انہیں ڈی موٹی ویٹ کرتے ہیں۔اداکارہ مہوش حیات نے بھی ویڈیو شیئر کراتے ہوئے کہا کوئی بھی اس طرح کی بدسلوکی اورخراب رویے کا مستحق نہیں، یہ ہراسانی ہے، مجھے یقین نہیں آرہا بحیثیت قوم ہم اتنا نیچے گرسکتے ہیں، شرم کی بات ہے۔