لاہور(این این آئی)سینئر اداکارہ نشوبیگم نے کہا ہے کہ جب تک ہم ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر اپنی سمت کا تعین نہیں کریں گے تب تک فلم انڈسٹری کامیابی حاصل نہیں کر سکتی ،میرے مشاہدے کے مطابق حکومت ہماری انڈسٹری سے بالکل لا تعلق ہے اس لئے اس سے وابستہ لوگوں کو ہی آگے آنا ہوگا۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ایک دور ایسا بھی تھا جب فلم انڈسٹری سے ہزاروں ہنر مندوں کا روزگار وابستہ تھا لیکن آج اس کے زوال کی وجہ سے شاید حکومت یہ سمجھ رہی ہے کہ ہمیں صرف فلم انڈسٹری کو دینا ہی پڑے گا۔ اگر حکومت تھوڑی توجہ
مرکوز کرے تو فلم انڈسٹری نہ صف دوبارہ ہزاروں لوگوں کیلئے روزگار کا ذریعہ بن سکتی ہے بلکہ اس سے حکومتی خزانے میں بھی کروڑوں روپے جمع ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ انڈسٹری سالانہ اربوں روپے کا کاروبارکر سکتی ہے تو ہماری انڈسٹری کیوں اس جانب سفر نہیں کر سکتی ۔ نشو بیگم نے کہا کہ بدحال شعبے کی کوئی بھی امداد نہیں کرتا اس لئے سب سے پہلے انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر سمت کا تعین کرنا ہوگا او رجب کامیابیاں ملنا شروع ہوئیں تو حکومت خودبخود سرمایہ کاری کیلئے راغب ہو جائے گی۔