لاہور(این این آئی) نامورکامیڈین امانت چن نے کہا ہے کہ موقع کی مناسبت سے برجستہ جملے بازی ہی کامیاب اداکار کی پہچان ہوتی ہے ،اسٹیج پر کبھی فحش جگت نہیں کی لیکن اس کے باوجود پرستاروںکو محظوظ کرنے میں کامیاب رہتا ہوں ، اسٹیج پر ڈانس کے حق اورمخالفت میں بڑے دلائل دئیے جاتے ہیں لیکن اس کا فیصلہ تودیکھنے والوں نے کرناہے ۔ایک انٹر ویو میں امانت چن نے کہا کہ آج کا اسٹیج کمرشل ہو گیا ہے اور شاید بعض معاملات پر اس طرح غور نہیں کیا جاتا جن کا ماضی میں خیال رکھا جاتا تھا ۔ ضروری نہیں
فحش جگت بازی اور ڈانس ہی کسی ڈرامے کی کامیابی کی ضمانت ہوبلکہ ایسے ماضی میں ایسے شاہکار ڈرامے بھی پیش کئے گئے ہیں جن میں ڈانس اورفحش جگت بازی کا بالکل بھی تڑکا نہیں تھا ۔ انہوںنے کہا کہ ہر انسان اچھائی اور برائی کو سمجھتا ہے اور اسے پتہ ہوتاہے کہ وہ کیا کر رہا ہے اور اس کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ میں اپنی حد تک کہہ سکتا ہوں کہ میں فحش جگت بازی سے کوسوں دوررہتا ہوں بلکہ سادہ اپنے الفاظ کو اپنی حرکات سے ایسا بنا دیتا ہوں جس سے لوگ قہقہ لگانے پر مجبو رہو جاتے ہیں ۔