لاہور (این این آئی)پاکستانی ہارر فلم ’’کٹاکشا‘‘ (آج) جمعہ 21 جون کو نمائش کے لیے پیش کی جائیگی۔سجاد علی شاہ جو کہ سوشل میڈیا پر ’ابو علیحہ‘ کے نام سے مشہور ہیں کی ہدایت کاری میں فلم بنائی گئی ہے۔فلم کٹاکشاکی مرکزی کاسٹ میں سلیم معراج، کرن تعبیر، نمرا شاہد، قسیم خان اور مبین گبول شامل ہیں۔ فلم کا نام پوٹھوہار ریجن میں ہندوؤں کے لیے متبرک مقام کٹاس راج سے لیا گیا ہے اور فلم کی زیادہ تر شوٹنگ بھی وہیں کی گئی
ہے۔’کٹاکشا‘ ایک غیر روایتی فلم ہے کیونکہ اس میں نا تو کوئی آئٹم سانگ ہے اور نا ہی محبت بھرے مناظر۔ فلم کی کہانی چار افراد کے گرد گھومتی ہے جوکہ ایک نیوز چینل کے لئے کام کرتے ہیں اور آسیب زدہ مقامات پر شو ریکارڈ کرتے ہیں۔اسی طرح کا ایک شو ریکارڈ کرنے کی غرض سے وہ ایک ایسی جگہ جاتے ہیں جہاں ماضی میں قتل کی ایک واردات ہوچکی ہے اور اس کے بعد وہاں ہونے والے پراسرار واقعات کی وجہ سے لوگ اسے آسیب زدہ قرار دے چکے ہیں۔