ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ ہدایت کار اور پروڈیوسر سنجے لیلا بھنسالی کی فلمیں ہمیشہ ہی خوبصورت سیٹس اور شاندار ملبوسات پر مبنی ہوتی ہیں تاہم اب وہ اپنے انداز سے ہٹ کر ایک الگ فلم پر کام کرنے جارہے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی کی اگلی فلم بھارت میں رنگ و نسل کی تفریق کے شکار افراد پر مبنی ہے،فلم میں اس اہم مسئلے پر روشنی ڈالی جائے گی جہاں لوگوں کو خوبصورتی کی ایک خاص مثال سکھائی جاتی ہے اور وہ افراد جو اس مثال پر پورا نہیں اترتے۔
انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔رپورٹس کے مطابق اس موضوع پر یہ بھارت میں بننے والی پہلی فلم ہوگی۔سنجے لیلا بھنسالی اس فلم میں نئے کرداروں کو لانچ کریں گے، جبکہ فلم کے ذرائع نے بتایا کہ ایسے اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے جو جو خود کو فلم سے بہتر انداز میں جوڑ سکیں۔سنجے لیلا اس فلم کی پروڈکشن کریں گے جبکہ ہدایت کار کے نام کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ہدایت کار اس وقت ’انشاء اللہ‘ نامی فلم پر کام کررہے ہیں جس میں سلمان خان اور عالیہ بھٹ مرکزی کردار نبھائیں گے۔