کراچی(این این آئی) اداکار شہروز سبزواری نے فلم ’کیک‘ اور ’لال کبوتر‘ کے بعد اب آنے والی فلم’ ’اگر مگر‘‘ سے متعلق بھی بتادیا۔اداکار نے ایک ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ میں اس فلم کے حوالے سے کافی مطمئن ہوں کیوں کہ اس فلم کی کہانی میرے لیے مختلف ہے۔
فلم کی کہانی ایک مخصوص مقام سے شروع ہوتی ہے اور پھر کئی رخ پر چلتی ہے جس میں حقیقی رنگ نمایاں ہوتا جاتا ہے۔شہروز سبزاری نے بتایا کہ اس فلم میں ہدایت کاری کے فرائض شفق خالد انجام دے رہی ہیں جو اپنے کام کے حوالے سے کافی پرجوش ہیں، ان کے جذبے نے مجھے اس فلم میں کام کرنے پر مجبور کیا ہے، مجھے اس فلم کی کامیابی پر بہت یقین ہے کیوں کہ شفق خالد کی فلم سے متعلق باتیں بہت متاثر کن تھیں اور ان ہی باتوں نے مجھے یہ فلم کرنے پر قائل کیا۔معروف اداکار بہروز سبزواری کے بیٹے نے مزید کہا کہ مارٹن اسکورسسز کی مشہور کہاوت ہے کہ اگر آپ کے دل و دماغ میں کچھ ہے تو آپ کہہ دیں اسی لیے میں ہدایت کارہ کی جانب سے بہترین حوصلہ افزائی کے سبب ایک اور نئی فلم کرنے جارہا ہوں جس کی شوٹنگ بھی شروع ہوچکی ہے اور ابھی اختتامی مراحل میں ہے۔واضح رہے کہ فلم’’اگر مگر‘‘ رواں سال کے آخر تک سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔