لاہور(این این آئی) سینئر اداکار محمود اسلم نے کہا ہے کہ مجھے جو بھی کردار دیا جاتا ہے اسے حقیقت کے قریب تر ہو کر نبھانے کی کوشش کرتا ہوں ، مزاحیہ کردار نبھانے کا تجربہ کامیاب رہا ہے اور مجھے پرستاروں سے بیحد پذیرائی ملی ہے ،امید ہے عید الفطر پر ریلیز ہونے والی فلم میں میرے اور جاوید شیخ کے کردار کو پسند کیا جائے گا۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ اپنے طویل کیرئیر میں مختلف طرح کے کردار
نبھائے ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ جاندار اداکاری کی وجہ سے پرستار مجھے ہر کردار میں پسند کرتے ہیں ۔ مزاحیہ کردار نبھانا مشکل ہوتا ہے لیکن خدا کا شکرہے کہ میرا یہ تجربہ بھی نہایت کامیاب رہا ہے ۔ محمود اسلم نے کہا کہ فلم ’’رانگ نمبر ٹو ‘‘میں میرا کردار مزاح سے بھرپور اور انتہائی دلچسپ ہے اور اسے ابھی سامنے نہیں رکھوں گا بلکہ عید الفطر پر میری فلم دیکھ کر مجھے اس کے نمبر دئیے جائیں ۔