لاہور(این این آئی)اداکارہ مدیحہ شاہ نے گھروں میں کام کرنے والی کمسن بچیوں پر تشدد اور زیادتی کے بڑھتے واقعات کیخلاف عملی طور پر میدان میں آنے کا فیصلہ کر لیا ۔ اداکارہ نے اس حوالے سے کہا کہ گھروں میں کام کرنے والی کمسن بچیوں پر وحشیانہ تشدد اور زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات ہمارے معاشرے کا المیہ ہے لیکن بد قسمتی سے اس کے خلاف اس سطح پر آواز بلند نہیں کی جارہی جس کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں
کی جانب سے قوانین تو بنا دئیے جاتے ہیں لیکن اس کا نفاذ نہیں ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ میں ان واقعات کے خلاف انفرادی طو رپر ہر جگہ آواز بلند کروں گی اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کی کوشش کروں گی او دوسرے لوگوں کو بھی اس مہم کا حصہ بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ میرا مطالبہ ہے کہ کمسن بچیوں سے زیادتی کرنے والے جنسی درندوں کو جب تک سر عام سزا نہیں دی جائے گی اس وقت تک گھنائونے جرائم کی شرح میں کمی نہیں ہو سکتی ۔