لاہور(این این آئی)اداکارہ صوبیہ خان نے کہا ہے کہ شوبز میں ملنے والی کامیابیوں اور شہرت میں محنت اور لگن سے کام کے ساتھ میڈیا کا بھی کلیدی کردار ہے جسے میں کبھی فراموش نہیں کر سکتی ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ میں سپر سٹار بننے کے خواب آنکھوں میں سجائے کراچی سے لاہور آئی تھی اور یہا ں آ کر میں نے الحمرا میں پہلے ڈرامے میں پرفارم کیا اور اس کے بعد میرے لئے کامیابیوں کے دروازے کھلتے گئے ۔
صوبیہ خان نے کہا کہ میں نے کامیابی اور مقام حاصل کرنے کے لئے بھرپور محنت اور لگن سے کام کیا ہے لیکن اگر میں اس کے ساتھ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا ذکر نہ کروں تو یہ سخت نا انصافی ہو گی ۔ میڈیا کی وجہ سے میری پہچان بنی اور انہی کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میرے پرستار موجود ہیں ۔ میں اپنے میڈیا کے تمام دوستوں کی بیحد مشکور ہوں جنہوںنے ہر قدم پر میری رہنمائی کی اور بعض مواقعوں پر مثبت تنقید بھی کی جس سے مجھے سیکھنے کا موقع بھی ملا ۔