کراچی (این این آئی) نامور پاکستانی اداکارہ سجل علی کی بہن صبور علی کو کھڑکی صاف کرنے والے شخص کا مذاق اڑانے پرسوشل میڈیا پرشدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاہم صبورعلی نے اپنے اقدام کی وضاحت کردی ہے۔اداکارہ صبورعلی نے گزشتہ روز
اپنے انسٹاگرام پرایک اسٹوری شیئر کی جس میں وہ کسی ڈرامے کے سیٹ پر موجود ہیں اور وہاں موجود کھڑکی صاف کرنے والے شخص کا مذاق اڑاتی نظرآرہی ہیں۔ صبورعلی صفائی کرنے والے کی ویڈیو بناتے ہوئے کہہ رہی ہیں ’کیا خواب دیکھ کر اس کی ماں نے اسے گھرسے بھیجا ہوگا‘ یہ کہتے ہوئے صبورعلی مسلسل ہنسے جارہی ہیں۔ سیٹ پر ان کے ساتھ اداکارہ صحیفہ جبار اور اداکار عفان وحید بھی موجود ہیں۔سیٹ پر موجود اداکارہ صحیفہ جبار نے صبورعلی کا ساتھ دیتے ہوئے کہا یہ شخص صبح اٹھ کر اپنی بیڈ شیٹ بھی ٹھیک نہیں کرتا ہوگا اور نا ہی اپنا کمبل طے کرتا ہوگا۔ صبور علی کی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین شدید غصے میں آگئے اورانہیں شدید تنقید کا نشانہ بناڈالا،تنقید حد سے بڑھ نے پر صبورعلی نے انسٹاگرام پر وضاحت جاری کرتے ہوئے لکھا میری انسٹاگرام اسٹوری غلط فہمی کی وجہ سے وائرل ہورہی ہے، میں وضاحت کرنا چاہتی ہوں کہ ویڈیو میں موجود کھڑکی صاف کرنے والا شخص دراصل ہمارے اگلے ڈرامے کا اسسٹنٹ ڈائریکٹرہے ہم کئی ماہ سے ایک دوسرے کے ساتھ کام کررہے ہیں اور ساتھ کام کرنے کی وجہ سے ہم ایک دوسرے سے مذاق بھی کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سوشل میڈیا پر خود کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کسی کے متعلق کچھ بھی لکھنے سے قبل ایک بارسوچ لیا کریں۔