لاہور ( این این آئی)اداکارہ ریشم ،میرا ،صباء قمر ،زارا اکبر ،ثناء ،ماریہ واسطی اور مدیحہ شاہ نے فیشن ڈیزائنر بی جی کو فیشن انڈسٹری کا آئیکون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جی واحد فیشن ڈیزائنر ہیں جنہوں نے فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی تمام اداکارائوں کے ملبوسات ڈیزائن کرنے کے ساتھ دیگر شعبہ زندگی سے وابستہ نامور شخصیات کی بیگمات کے ملبوسات بھی ڈیزائن کیے اور حقیقی معنوں میں انہوں نے ہی فیشن انڈسٹری کو فروغ دیا ،آج ہماری فیشن انڈسٹری جہاں کھڑی ہے اس میں بی جی کا
بہت بڑا ہاتھ ہے۔اداکارائوں نے کہا کہ بی جی نے نہ صرف فیشن میں نئی جدت متعارف کروائی بلکہ مستحق اور غریب لوگوں کی مددگار بھ ثابت ہوئیں اور انہوں نے مستحق اور غریب خواتین کو اس ہنر سے آشنا بھی کیا جس سے بہت سی خواتین آج باعزت طریقے سے اپنا روزگار کما رہی ہیں ۔ ان اداکارائوں نے کہا کہ بی جی ہمارے لیے کسی سرمایہ سے کم نہیں ، انکا عزت و احترام نہ صرف شوبز انڈسٹری کرتی ہے بلکہ سماجی اور سیاسی حلقے بھی انکی سماجی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔