کراچی (این این آئی)اپنے کسی پیارے کو کھو دینے کا غم بھلایا نہیں جاسکتا اور یہ کہنا کہ وقت ہر زخم بھردے گا بھی ہر بار صحیح نہیں ہوتا۔اپنے اس ہی دکھ کو پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے شیئر کیا۔صنم سعید نے اپنی والدہ کے انتقال کے دو سال بعد
ان کے لیے اپنے انسٹاگرام پر ٹریبیوٹ پیش کیا۔اس پوسٹ میں صنم سعید نے مداحوں کو بتایا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ وہ اپنی والدہ کے آخری لمحات میں ان کے ساتھ وقت گزار سکیں۔اداکارہ نے اپنی والدہ کی تصاویر شیئر کرنے کے ساتھ لکھا کہ ’میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ میں اپنی والدہ کے لیے اس طرح پوسٹ شیئر کروں گی، لیکن میرے لیے مشکل ہے کہ میں ان کو یاد نہ کروں یا ان کی بات نہ کروں، ان کی ہنسی، ان کی طاقت، ان کا صاف دل، انہوں نے ہمیشہ میرا حوصلہ بڑھایا اور مجھے لوگوں کی عزت کرنا سکھایا، مجھے شکرگزار بنایا۔صنم سعید کے مطابق ان کی والدہ نے انہیں سکھایا کہ اپنے اندر کے بچے سے ہمیشہ تعلق رکھنا چاہیے، جبکہ انہوں نے اداکارہ کو ایماندار رہنا سکھایا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’جب لوگ مجھ سے ملاقات کرتے اور میری والدہ کی بات کرتے ہیں اور ان کی تعریف کرتے ہیں تو مجھے بیحد خوشی ہوتی ہے، آپ سب کا شکریہ انہیں یاد رکھنے کے لیے، آج ان کے انتقال کو دو سال مکمل ہوگئے۔