نیو یارک (این این آئی)معروف امریکی ایپک سائنس فکشن فلم سیریز ’اسٹار وارز‘ میں جانور نما دوسرے سیارے کی مخلوق ’چیباکا‘ کا کردار ادا کرنیوالے برطانوی اداکار پیٹر میہیو 74 برس کی عمر میں چل بسے۔پیٹر میہیو گزشتہ چند سال سے بیمار تھے اور انہوں نے
خرابی صحت کی وجہ سے ہی 2015 کے بعد ’چیباکا‘ کا کردار ادا کرنے سے معذرت کرلی تھی۔پیٹر میہیو کو دراز قد کی وجہ سے سانس لینے سمیت کئی مسائل کا سامنا رہتا تھا، تاہم وہ بیماری کے باوجود مصروف دکھائی دیتے تھے۔پیٹر میہیو نے اگرچہ پہلے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، تاہم انہیں شہرت 1977 میں سائنس فکشن فلم ’اسٹار وارز‘ کے کردار ’چیباکا‘ سے ملی۔یہ کردار دراصل ایک بندر نما جانور کی طرح دکھائی دیتا ہے اور یہ کردار بھی اسٹار وارز کے دیگر کرداروں کی طرح فکشنل تھا،دراز قد کی وجہ سے ہی پیٹر میہیو کو اس کردار کیلئے منتخب کیا گیا جو فلم میں اپنے ساتھیوں کیساتھ منفرد دکھائی دیتے تھے۔چیباکا کے کردار کو تقریبا اسٹار وارز کی تمام فلموں میں دکھایا گیا ہے اور پیٹر میہیو نے اس کردار کو پانچ فلموں میں ادا کیا ہے۔اداکار کی موت پر اسٹار وارز کے اداکاروں اور فلمی دنیا کی نامور شخصیات نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بڑے قد والے اداکار سمیت بڑے دل والا اداکار بھی قرار دیا۔