ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ اداکارہ کاجول نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پرانی تصویر شیئر کی ہے اور ساتھ ہی نوے کی دہائی کے اداکاروں سے یہ بھی پوچھ لیا کہ ’’کیا آپ مجھ سے متفق ہیں؟‘‘بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کاجول نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے جو 1997 میں ریلیز ہونے والی اْن کی فلم ’عشق‘ کی شوٹنگ کے دوران لی گئی تھی جس میں وہ دھوپ کی شدت میں میک اپ کرتی نظر آرہی ہیں ، کاجول کا میک اپ آرٹسٹ اْن کیلئے شیشہ لیے
کھڑا ہے۔اداکارہ کاجول نے تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ بڑے موبائل فونز، سارا دن فلم کے سیٹ پر بیٹھے رہنا کیونکہ کمرے سیٹ سے کافی دور ہوتے تھے اور گاڑیاں میسر نہیں تھیں جو اْن کو سیٹ سے کمرے تک لے جائیں، اس کے باوجود 14 گھنٹے کام کرتے تھے چاہے گرمی ہو یا بارش لیکن اس کے باوجود خوبصورت نظر آتے تھے۔انہوں نے 90 کی دہائی کے اداکاروں جن میں اجے دیوگن، شاہ رخ خان، عامر خان اور جوہی چاولہ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ لوگوں کا اس بارے میں کیا خیال ہے؟۔