لاہور(این این آئی) ماڈل و گلوکارہ میشا شفیع نے ہراسانی کے باعث رواں سال ہونے والے لکس اسٹائل ایوارڈ سے اپنی نامزدگی اور گانے کا نام نکالنے کا مطالبہ کردیا۔میشا شفیع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹوئٹ میں لکس اسٹائل ایوارڈ کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک ایسی دنیا چاہتی ہوں جہاں شوبز کی صنعت میں خواتین محفوظ ہوں ، اور اگر وہ آواز اٹھائیں تو اْن کی آواز سنی جائے نہ کہ خود خواتین کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے۔میشا شفیع نے یہ بھی کہا کہ لکس اسٹائل ایوارڈ کا
بائیکاٹ ہماری کامیابی پر اثرانداز نہیں ہوگا اور جو بہادر خواتین اس بائیکاٹ کے حق میں ساتھ ہیں اْن کو دیکھ کر ایسا لگتا کہ ہم ایک دن اپنا مقصد ضرور پورا کریں گے جب کہ میرا گیت ’میں‘ ایک اعلیٰ مقصد کے لئے لکھا گیا ہے اور میں نے یہ گیت اپنی زندگی کے مشکل ترین وقت میں لکھا۔گلوکارہ نے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میرا گیت ’میں‘ لکس اسٹائل ایوارڈ 2019 میں بہترین گیت کے لئے نامزد ہوا ہے لہذا میری گزارش ہے کہ میرا نام اور میرا گیت نامزدگی کی فہرست سے خارج کردیا جائے۔