لاس اینجلس(این این آئی) پاکستانی نژاد امریکی کامیڈین و اداکار کمیل ننجیانی اور مشہور ریسلر ڈیو باٹسٹا کی ایکشن کامیڈی فلم ’اسٹیوبر‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔کامیڈی کی وجہ سے پہچان بنانے والے پاکستانی نڑاد کمیل ننجیانی بہترین اداکاری کی وجہ سے اب تک کئی ہالی ووڈ فلموں میں
کام کر چکے ہیں، کمیل اداکاری کے ساتھ ساتھ مصنف کے فرائض بھی انجام دیتے ہیں اور اب تک کئی نامور ایوارڈز اپنے نام کر چکے ہیں ۔اب دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے کمیل اپنی نئی آنے والی فلم میں مشہور ریسلر ڈیو باٹسٹا کے ساتھ نظر آئیں گے جس کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ٹوئٹنی سنچری فوکس کی جانب سے ایکشن اور کامیڈی سے بھرپور کمیل ننجیانی اور باٹسٹا کی نئی آنے والی فلم ’اسٹیوبر‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جس کی ڈائریکشن مائیکل ڈاؤس کر رہے ہیں۔فلم کی کہانی ایک ڈرائیور اور پولیس آفیسر کے گرد گھومتی ہے جس میں کمیل ڈرائیور اور باٹسٹا پولیس آفیسر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔فلم ’اسٹیوبر‘ کے دو منٹ اور ایک سیکنڈ کے اس ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ پولیس آفیسر قاتل کی تلاش کے لیے گاڑی بک کرواتے ہیں اور اس سفر کے دوران انہیں کئی خطرناک ملزمان سے بھی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم ڈرائیور کو فائیو اسٹار ریٹنگ کے حصول کے لیے پولیس آفیسر کے ساتھ آخر تک ہونے والے ایکشن میں اْن کے ساتھ رہنا پڑتا ہے۔واضح رہے کہ کمیل ننجیانی اور ڈیو باٹسٹا کے ساتھ اس فلم میں اداکارہ نٹالی موریلز، میرا سورویرو اور کرین گیلن بھی نظر آئیں گی جب کہ فلم رواں سال ہی 12 جولائی کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔