ممبئی (این این آئی) بالی ووڈ کی دھک دھک گرل مادھوری ڈکشٹ کا کہنا ہے کہ انہیں کبھی بھی بالی ووڈ میں عدم تحفظ کا احساس نہیں ہوا۔اپنی نئی فلم کلنک کی پرموشن کے دوران دیے گئے ایک انٹرویو میں مادھوری ڈکشٹ نے کہا کہ انہیں کبھی بھی کسی سے عدم تحفظ محسوس نہیں ہوا ، انہوں نے اپنی ہم عصر اداکاراؤں کو کبھی حریف نہیں سمجھا بلکہ وہ انہیں اپنا کولیگ سمجھتی ہیں ۔ انہوں نے
بتایا کہ ان کے ساتھ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ انہیں رول نہ ملا ہو ، انہیں جیسا کام چاہیے ہوتا ہے ویسا مل ہی جاتا ہے ، اہم یہ نہیں کہ انہیں کیسی پیشکش کی جاتی ہے بلکہ اہم یہ ہے کہ وہ کس قسم کا کام منتخب کرتی ہیں۔مادھوری ڈکشٹ نے کہا کہ فلموں کے ہٹ یا فلاپ ہونے سے کسی اداکار کی قابلیت کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا بلکہ اس کیلئے ضروری ہے کہ اداکار کی کارکردگی دیکھی جائے۔