نئی دہلی (این این آئی)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی فلم پی ایم نریندر مودی پر حریف سیاسی جماعتوں کی جانب سے تنقید کیے جانے کے بعد فلم کی ٹیم نے نمائش ملتوی کردی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ایم نریندر مودی کو بھارت سمیت دنیا بھر میں 5 اپریل کو ریلیز کیا جانا تھا۔
فلم کو بھارت کے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے انتخابات شروع ہونے سے محض 6 دن پہلے نمائش کے لیے پیش کیا جا رہا تھا۔نریندر مودی کی زندگی پر بنائی فلم کو انتخابات کے موقع پر ریلیز کرنے کو حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حریف سیاسی جماعتوں نے اعتراض اٹھایا تھا۔بی جے پی کی سب سے بڑی مخالف جماعت کانگریس نے تو بھارتی الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کو فلم کو انتخابات کے موقع پر ریلیز کرنے کی شکایت بھی کردی تھی۔کانگریس کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی فلم کو انتخابات کے موقع پر ریلیز کرنے کو انتخابی مہم کا حربہ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ فلم کے ذریعے بھارتی وزیر اعظم کو عظیم بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔سیاسی جماعتوں کی جانب سے تنقید کے بعد فلم کی ٹیم نے ’پی ایم نریندر مودی‘ کی نمائش مؤخر کردی۔فلم کے پروڈیوسر سندیپ سنگھ نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی کہ پی ایم نریندر مودی کو ریلیز نہیں کیا جا رہا ہے، فلم کو ریلیز کرنے کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔دوسری جانب فلم ہدایت کار اومنگ کمار نے اس بات کی تصدیق کی کہ فلم 5 اپریل کو ریلیز نہیں کیا جا رہا۔لوک سبھا کے انتخابات 23 مئی تک جاری رہیں گے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ نریندر مودی کی زندگی پر بنائی گئی فلم کو مئی کے آخر یا پھر جون میں ریلیز کیا جائے گا۔