کراچی(این این آئی)معروف ماڈل ایمان سلیمان نے لکس اسٹائل ایوارڈز میں بیسٹ ایمرجنگ ٹیلنٹ ان فیشن میں اپنی نامزدگی سے خود کو دستبردار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ایمان سلیمان سماجی مسائل پر بات کرنے سے ہچکچاتی نہیں اور اس سے پہلے انٹرٹینمنٹ صنعت میں ہراساں کرنے کے معاملے پر بات کرچکی ہیں۔
اب انہوں نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ وہ لکس اسٹائل ایوارڈ میں کسی ایسے کیساتھ نامزدگی نہیں چاہتی جس پر ہراساں کرنے کا الزام ہو۔انسٹاگرام پر پوسٹ ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا ‘میں لکس اسٹائل ایوارڈ میں نامزد ہونے کو اعزاز سمجھتی ہوں، مگر میں اب جو کہنی والی ہوں وہ ہوسکتا ہے کہ متعدد افراد کو چونکا دے، مگر میں کسی ایسے کا حصہ نہیں بننا چاہتی ہے جو مبینہ طور پر ہراساں کرنے والے ساتھ شیئر ہو، اس سے مجھے کوئی خوشی محسوس نہیں ہوتی، ہوسکتا ہے کہ یہ نامزدگی کسی کو خوش کرسکے مگر مجھے نہیں۔ماڈل نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کسی واقعے کا ذکر کیے بغیر سماج اور شوبز انڈسٹری کی خاموشی پر بات کی اور لوگوں کو اس بات پر تنقید کا نشانہ بنایا کہ کوئی بھی طاقتور کے خلاف آواز بلند نہیں کرتا۔ماڈل و اداکارہ نے شوبز انڈسٹری کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ اس کا حصہ بننے والی شخصیات ہراساں کرنے والے افراد کے خلاف کھل کر سامنے نہیں آتیں۔ایمان سلیمان نے اپنے سمیت عام افراد کو بھی غلط لوگوں کے خلاف آواز بلند نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ہم سب کی خاموشی ہی ظالموں کو ہمت بخشتی ہے۔