نیویارک (این این آئی)ہولی وڈ ایکشن ہیرو، فلم ساز، پروڈیوسر اور متنازع مذہبی نظریات کے حامل 56 سالہ ٹام کروز یوں تو اپنی اداکاری کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔تاہم ان دنوں وہ اپنی 26 سالہ بیٹی ازابیل کروز کی جانب سے مذہبی نظریات کی اپنائی جانے والی کوششوں کی
وجہ سے خبروں میں ہیں۔اطلاعات ہیں کہ ٹام کروز اور اداکارہ نکول کڈمین کی گود لی گئی 26 سالہ بیٹی ازابیل کروز بھی والد کی طرح متنازع مذہبی خیالات کی حامل تنظیم’سائنٹولوجی‘ میں خدمات سر انجام دینا چاہتی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ازابیل کروز نے تنظیم کو خط میں گزارش کی ہے کہ وہ تنظیم میں بطور ’آڈیٹر‘ خدمات سر انجام دے کر لوگوں کی تربیت کرنا چاہتی ہیں۔ازابیل کروز کی جانب سے تنظیم کو بھیجی گئی ای میل میں انہوں نے اپنے والد ٹام کروز کی بھی تعریف کی اور والد کی طرح ’سائنٹولوجی‘ کا حصہ بننے پر فخر کا اظہار بھی کیا۔تاہم انہوں نے اپنی والدہ اداکارہ نکول کڈمین کا ذکر نہیں کیا۔رپورٹ کے مطابق ازابیل کروز لندن کے چرچ آف سائنٹولوجی کی ’آڈیٹر’ بن کر روحانی اور نفسیاتی طور پر بھٹکے ہوئے لوگوں کی رہنمائی کرنا چاہتی ہیں۔خیال رہے کہ ’چرچ آف سائنٹولوجی‘ کو اگرچہ امریکا اور برطانیہ کی اکثر آبادی مذہبی نہیں مانتی، تاہم اس تنظیم سے منسلک لوگ خود کو جدید اور سیکولر مذہب کا حصہ مانتے ہیں۔