لاس اینجلس (این این آئی) پاپ موسیقی کے بادشاہ آنجہانی مائیکل جیکسن کی بیٹی 20 سالہ ماڈل پیرس جیکسن نے اپنے والد پر بچوں کیساتھ زیادتی کے الزامات پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میں اپنے والد کا دفاع نہیں کرنا چاہتی ۔حال ہی میں مائیکل جیکسن کیخلاف 2 افراد کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی ڈاکیومنٹری سامنے آنے کے بعد ایک مرتبہ پھران کی جانب سے بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنائے جانے پر بحث چھڑ
گئی ہے۔پاپ موسیقار کی بیٹی پیرس جیکسن نے حالیہ ڈاکیومنٹری کا حوالہ دیئے بغیر اپنے کزن تاج جیکسن کی تعریف کی جو کہ ان کے والد پر لگے الزامات پر مبنی ڈاکیومنٹری کی تشہیر کر رہے ہیں۔ماڈل پیرس جیکسن نے کہا کہ تاج جیکسن بھی اپنے حساب سے اچھا کام کر رہے ہیں، تاہم میرے پاس اپنے والد کیخلاف لگائے گئے الزامات کے دفاع کیلئے کچھ بھی نہیں ہے۔پیرس جیکسن نے واضح کیا کہ ان کا کام اپنے والد کا دفاع کرنا نہیں، وہ چاہتی ہیں کہ ہر کوئی اس حوالے سے اپنا کام کرے۔