لاہور(این این آئی) اداکار محب مرزا اپنی ذاتی فلم’’عشرت‘‘کی شوٹنگ کے دوران شدید زخمی ہوگئے ہیں۔پاک چین دوستی پر مبنی فلم ’عشرت‘ میں معروف پاکستان اداکار محب مرزا اس فلم میں نہ صرف بطور اداکار بلکہ ڈائریکٹر کی حیثیت سے مصروف عمل ہیں جب کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں سارہ لورین، صنم سعید، علی کاظمی اور نیئراعجازسمیت بہت سے فنکار شامل ہیں۔ایکشن اور کامیڈی سے بھرپور فلم ’عشرت‘ کی عکس بندی کے دوران
محب مرزا شدید زخمی ہو گئے ہیں جس کی اطلاع انہوں نے خود سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے پرستاروں کو دی۔محب مرزا گزشتہ روز ہونے والی شوٹنگ کے دوران ایک اسٹنٹ کے دوران شدید زخمی ہوئے جس پر انہیں فوری طبی امداد کے لئے اسپتال لے جایا گیا۔ تاہم اداکار کے زخمی ہونے کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ ملتوی کردی گئی۔واضح رہے کہ پاک چین دوستی کی اس فلم کی شوٹنگ پاکستان کے علاوہ چین میں بھی کی جائے گی جوکہ رواں سال ہی سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔