نیویارک(این این آئی)فلم ڈائریکٹر اری ایسٹر کی نئی فلم’’مڈ سومر‘‘ کا پہلا ٹریلر سامنے آگیا ہے اور وہ بھی ریڑھ کی ہڈی میں سنسناہٹ دوڑانے کے لیے کافی ہے۔فلم اسٹوڈیو اے 24 نے ڈائریکٹر اری ایسٹر کی نئی فلم کا ٹریلر جاری کیا ہے اور اسے اسکینڈے نیوین فوک ہارر قرار دیا ہے۔فلم میں ایک لڑکی کو دکھایا گیا ہے جو اپنے بوائے فرینڈ کے ہمراہ سوئیڈن کے ایک دیہی قصبے میں گرمیوں کی تعطیلات پر جاتی ہے۔مگر یہ تعطیلات اس وقت بدل گئیں جب گاؤں میں ایک تہوار پرتشدد اور عجیب واقعات کا باعث بن گیا۔
اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ٹریلر میں ایک خوفزدہ کردینے والی جگہ کو دکھایا گیا ہے اور مختلف مناظر کو ایسے دکھایا گیا ہے کہ وہ دہشت زدہ کردیتے ہیں۔اس ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم توقعات سے زیادہ خوفناک اور عجیب ہوگی۔فلم کے بارے میں توقعات بڑھانے کے لیے اسٹوڈیو نے چند عجیب تصاویر بھی ٹوئیٹ کیں جس میں اس تہوار کی رسومات کو دکھایا گیا ہے۔خیال رہے کہ فلم ہریڈیٹیری اس ڈائریکٹر کی پہلی فلم تھی جس کے اختتام پر آپ جیسا بھی محسوس کریں مگر جسم میں دہشت کی لہر ضرور ابھرے گی۔