ممبئی (این این آئی) بھارتی فلم انڈسٹری میں سٹار بننے کے خواہشمند اداکار راہول ڈکشٹ نے ناکامی پر خودکشی کر لی، غمزدہ والد نے بہو پریا پر الزام لگاتے ہوئے موت کا ذمہ دار قرار دے دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 28 سالہ اداکار راہول ڈکشٹ کا تعلق بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور سے تھا، بالی ووڈ سٹار بننے کا خواب سجائے وہ ممبئی آئے تھے تاہم گھر سے اْن کی پنکھے سے لٹکی لاش برآمد ہوئی، لاش کے پاس سے خودکشی کی وجوہات سے متعلق کوئی تحریر نہیں ملی۔رپورٹس کے مطابق راہول اور انکی اہلیہ پریا نے
ممبئی کے علاقے اوشیوارا میں دوستوں کو اپنے گھر پارٹی پر مدعو کر رکھا تھا، رات گئے فراغت کے بعد دونوں میاں بیوی سوگئے، صبح5 بجے پریا کی آنکھ کھلی تو راہول کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی۔ اہلیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے لاش کو ہسپتال منتقل کیا تاہم راہول جانبر نہ ہو سکے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔اْدھر راہول کے والد نے بہو پر الزام لگایا ہے کہ ان کا بیٹا خودکشی نہیں کرسکتا، پریا موت کی ذمہ دار ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق روزانہ سینکڑوں لوگ ممبئی میں قسمت آزمائی کیلئے آتے ہیں۔















































