ٹورنٹو (این این آئی)بولی وڈ کے شہنشاہ مذاق کہلائے جانے والے 81 سالہ اداکار قادر خان طویل علالت کے بعد یکم جنوری کو کینیڈا میں انتقال کر گئے تھے۔قادر خان کو دسمبر 2018 کے آخری ہفتے میں تشویش ناک حالت میں ہسپتال داخل کرایا گیا تھا، انہیں سانس لینے میں دشواری سمیت نمونیا کا اثر ہوگیا تھا۔قادر خان کی نماز جنازہ 2 جنوری کو ادا کرکے ٹورنٹو میں ہی ان کی تدفین کردی گئی تھی۔
حیران کن طور پر بولی وڈ کو نصف سے زیادہ زندگی دینے والے قادر خان کی نماز جنازہ میں کسی بھی اداکار و فلم ساز نے شرکت نہیں کی تھی۔تاہم قادر خان کی نماز جنازہ میں ان کے لاتعداد مداحوں نے شرکت کی۔والد کی نماز جنازہ میں فلمی شخصیات کی جانب سے شرکت نہ کیے جانے پر جہاں ان کے بڑے بیٹے سرفراز خان نے پہلے دن ہی شکوے کیے تھے، وہیں بعد ازاں انہوں نے بولی وڈ اداکاروں کی بے حسی پر بھی افسوس کا اظہار کیا تھا۔ڈی این اے انڈیا کے مطابق قادر خان کے بیٹے سرفراز خان نے بھارتی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کے والد مرتے دم تک امیتابھ بچن کی باتیں کرتے رہے۔سرفراز خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک بار اپنے والد سے پوچھا تھا کہ وہ کون سی بولی وڈ شخصیت ہیں، جنہیں وہ سب سے زیادہ یاد کرتے ہیں۔اداکار کے بیٹے کے مطابق ان کے والد نے امیتابھ بچن کا نام لیا اور وہ مرتے دم تک ان کا ذکر کرتے رہے۔قادر خان کے بیٹے نے انتہائی جذباتی انداز میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ امیتابھ بچن تک یہ بات پہنچے کہ ان کے والد مرتے دم تک ان کی بے حسی اور محبت پر بات کرتے رہے۔