لاہور(شوبز ڈیسک)کوک اسٹوڈیو کے گیارہویں سیزن کا آغاز تو گزشتہ ماہ 24 جولائی کو پاکستان کے عام انتخابات سے ایک دن قبل ہی ‘لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے‘ سے ہوا تھا۔تاہم اس کی پہلی قسط رواں ماہ 10 اگست کو جاری کی گئی تھی۔کوک اسٹوڈیو 11 کی پہلی قسط میں 4 گانوں کو ریلیز کیا گیا تھا، جس میں خواجہ سراؤں کا ایک گانا بھی شامل تھا۔کوک اسٹوڈیو 11 کی پہلی قسط کو یہ اعزاز حاصل رہا کہ اس میں پہلی بار خواجہ سراؤں کو شامل کیا گیا۔علاوہ ازیں پہلی قسط کے گانے ‘شکوہ جواب شکوہ’
کی بھی دھوم رہی اور علامہ اقبال کی شاعری کو جدید انداز میں پیش کیے جانے پر مداحوں نے موسیقاروں اور گلوکاروں کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ساتھ ہی کچھ افراد نے ‘شکوہ جواب شکوہ‘ کو جدید انداز میں پیش کرنے پر کوک اسٹوڈیو کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔تاہم اب کوک اسٹوڈیو 11 کی دوسری قسط بھی جاری کردی گئی، جس میں 4 گانے ریلیز کیے گئے ہیں۔کوک اسٹوڈیو 11 کی دوسری قسط کے چاروں گانوں میں اب تک مداحوں میں عابدہ پروین اور علی عظمت کے گانے ‘گھوم چرخڑا’ کے چرچے ہیں۔