ممبئی(شوبز ڈیسک) ناموربالی ووڈ اداکاراورسیاستدان شتروگھن سنہا کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی سوناکشی سنہا نے ایک بار کپل شرما کو میرا مذاق اڑانے پرڈانٹ دیا تھا۔مقبول ترین مزاحیہ اداکارکپل شرما کے ستارے گذشتہ کافی عرصے سے گردش میں ہیں، اب تو انہیں تنازعات میں گھرے رہنے کی عادت ہوجانی چاہئیے کیونکہ بالی ووڈ میں جہاں کہیں تنازعات کا ذکرہوتا ہے کپل شرما کانام ضرورسامنےآتا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماضی کے نامور اداکار اور سیاستدان شتروگھن سنہا نے ایک بھارتی ویب سائٹ کوانٹرویودیتے ہوئے کپل اور ان کے مذاق کے
بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کپل نے لتا منگیشکر، آشابھوسلے، امیتابھ بچن سمیت تمام لوگوں کی نقل اتاری ہے اوریہ سب اس وقت تک ٹھیک لگتا ہے جب تک آپ کسی کا مذاق اڑانے میں حد پارنہیں کرتے۔شتروگھن سنہا نے مزید کہا کہ ایک بار کپل شرما نے اپنے شو میں میری نقل اتاری اس وقت شو میں میری بیٹی سوناکشی بھی موجود تھی اور انہوں نے کپل شرما کو ان کی حدود پارکرنے پر ڈانٹا۔ انسان کو کسی کی نقل اتارتے وقت یا اس کا مذاق اڑاتے وقت اپنی حدود کو پارنہیں کرناچاہئیے جبکہ اس کے علاوہ اسٹیج پرکسی کی نقل اتارتے وقت کچھ پابندیاں بھی ہونی چاہئیں۔