لاہور (شوبز ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے یوم آزادی کے حوالے سے منعقد ایک میوزک کنسرٹ میں بھارتی گانا گایا۔ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی خبروں میں پاکستان کے ایک نیوز چینل کی جانب سے چلائی گئی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کئی افراد نے عاطف اسلم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔صارفین نے گلوکار کو تنقید کا نشانہ
بناتے ہوئے ان کی حب الوطنی پر شک کیا اور الزام عائد کیا کہ عاطف اسلم نے اس عمل کے لیے بھاری معاوضہ وصول کیا۔تاہم گلوکار عاطف اسلم نے خود پر تنقید اور جھوٹی خبر وائرل ہونے کے بعد ٹوئیٹ کے ذریعے وضاحت کرتے ہوئے یوم آزادی کے کنسرٹ پر بھارتی گانے کی خبر کو بے بنیاد قرار دیا۔گلوکار نے مختصر ٹوئیٹ میں خبر کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے لکھا کہ بے شک اللہ عزت دینے اور رکھنے والا ہے، سبز جھنڈا میری پہچان ہے۔