ممبئی(این این آئی) بھارتی ڈان ابوسلیم نے فلم’’سنجو‘‘کے ہدایت کاروپروڈیوسرز کو فلم میں ان کی غلط تصویر پیش کرنے پر قانونی نوٹس بھجوادیا۔سنجوجیسی کامیاب فلم تخلیق کرنے والے ہدایت کاروپروڈیوسرراجمکار ہیرانی اورودھوونود چوپڑا مشکل کا شکار ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے اور 1993 میں ممبئی دھماکوں کے کیس میں سزا کاٹ رہے۔
بھارتی ڈان ابوسلیم نے راجکمار ہیرانی،ودھو ونودچوپڑا سمیت فلم سے جڑے دیگر لوگوں کو فلم میں ان کی غلط تصویر پیش کرنے پر قانونی نوٹس بھجوایا دیا ۔ابوسلیم نے کہا ہے کہ فلم میں ان کے بارے میں غلط دکھایا گیا ہے لہٰذا فلم کے ہدایت کار ان سے 15 دن کے اندر معافی مانگیں ورنہ وہ ان کیخلاف ہتک عزت کا کیس دائر کریں گے۔ابوسلیم نے قانونی نوٹس اپنے وکیل پرشانت پانڈے کے ذریعے بھجوایا ۔ پرشانت پانڈے نے فلم کے ایک سین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے نہایت غلط طریقے سے دکھایاگیا ہے۔ سین میں رنبیر کپور جو سنجے دت کا کردار نبھارہے ہیں نے1993 میں ہونے والے ہنگاموں کے دوران اسلحہ اور بارود رکھنے کی بات کی تصدیق کی ہے جو انہیں ابوسلیم کی جانب سے دیا گیا تھا۔تاہم میرے موکل نے کبھی بھی کسی بھی طرح کا اسلحہ اور گولہ بارود سپلائی نہیں کیا تھا جب کہ نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے ابوسلیم کبھی سنجے دت سے ملا ہی نہیں تھا، لہٰذا فلم میں ابوسلیم کی تصویر بگاڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔