ممبئی (شوبز ڈیسک) بھارت کی معروف ٹی وی اداکارہ پریانکا نے اپنے بیڈ روم میں پنکھے سے لٹک کر خود کشی کر لی۔ ٹی وی اداکارہ پریانکا نے مقبول ٹی وی سیریل وام سام کے مرکزی کردار میں شہرت کی بلندی کو چھوا۔انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل اداکارہ پریانکا اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئی ہیں اْن کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی۔ اداکارہ کی ملازمہ نے پولیس کو بتایا کہ معمول کی طرح صبح جگانے گئی تو میڈم نے دروازہ نہیں کھولا جس پر دیگر ملازمین کے ساتھ مل کر کمرے کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تو اداکارہ کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی۔
اداکارہ پریانکا کی شدی تین سال قبل ارون بالا سے ہوئی تھی لیکن دونوں کے درمیان ذہنی ہم آہنگی نہیں ہو پائی تھی جس کے باعث دو ماہ قبل جوڑے کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی علاوہ ازیں ناکام ازدواجی زندگی کی وجہ سے پریانکا کے اپنے اہل خانہ سے بھی اختلافات ہو گئے تھے۔ان تمام صورت حال کی وجہ سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔ پولیس نے اداکارہ پریانکا کی لاش کو اسپتال منتقل کر کے جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد جمع کر لیے ہیں۔ لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کیا جائے گا۔ اداکارہ پریانکا نے کئی کامیاب ٹی وی سیریلز میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔