ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی کی فلم ’’ہچکی‘‘ نے بھارت کے بعد روس میں بھی تہلکہ مچانے کے لئے تیاری پکڑ لی ہے۔90 کی دہائی میں فلم نگری پر راج کرنے والی اداکارہ رانی مکھرجی 2014 میں فلم ’’مردانی‘‘میں آخری بار جلوہ گر ہوئی تھیں تاہم ادتیہ چوپڑا سے شادی اور ایک بیٹی کی ماں بننے کے بعد انہوں نے 4 سال بعد یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ’’ہچکی‘‘
کے ذریعے دوبارہ سلور اسکرین پر واپسی کی اور ان کی یہ فلم شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب رہی یہی وجہ ہے کہ فلم کو روس میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معاشرے میں پائے جانے والے تفرقات کے خلاف بنائی جانے والی معروف اداکارہ رانی مکھرجی کی فلم ’ہچکی‘ بہترین کہانی کی بدولت اب تک مجموعی طور پر 76 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی اور اب فلم روس میں 6 ستمبر کو ٹیچر ڈے کے موقع بھی دیکھائی جائے گی۔پروڈیوسر منیش شرما‘ نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فلم ’ہچکی‘ ہر عمر کے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہے اور اسی وجہ سے شنگھائی انٹر نیشنل فلم فیسٹیول میں بھی فلم کو خوب پزیرائی ملی جب کہ ہمارے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ فلم روس کے سینما گھروں کی زینت بننے جا رہی ہے تاکہ وہاں کی عوام بھی فلم کی افادیت کو محسوس کرسکے۔واضح رہے کہ فلم ’ہچکی‘ میں رانی مکھرجی ایک ٹیچر کا کردار نبھا رہی ہیں جس کی کہانی ایک ایسی خاتون کے گرد گھومتی ہے جو ایک اعصابی بیماری ‘ٹیوریٹ سنڈروم’ میں مبتلا ہے۔