ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے بابا 55 سالہ سنجے دت کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’سنجو‘ کی کامیابیاں جاری ہیں۔جہاں فلم نے ابتدائی 2 دن میں 75 کروڑ روپے بٹور کر کئی ریکارڈ بنائے، وہیں فلم کے مضبوط اسکرپٹ اور جاندار اداکاری کی وجہ سے بھی اس کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی بولی وڈ اداکار کی زندگی میں ہی ان پر فلم بنائی گئی جو امیدوں
پر پورا اترتے ہوئے کامیاب بھی گئی۔’سنجو‘ کی کامیابی کے بعد بولی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ 43 سالہ کاجول نے بھی اپنی زندگی پر فلم بنانے کے حوالے سے بات کی ہے۔اپنی زندگی پر فلم بنانے کے حوالے سے اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی نہیں چاہیں گی کہ کوئی ان کی زندگی میں ہی ان کے اوپر فلم بنائیں۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ممبئی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کاجول کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں وہ کبھی بھی یہ نہیں چاہیں گی اور نہ ہی وہ کسی کو اس بات کی اجازت دیں گی کہ ان کی زندگی میں ہی ان پر فلم بنائی جائے۔کاجول نے ’سنجو‘ کا حوالہ دیے بغیر بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں وہ اپنی مکمل زندگی گزار رہی ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ وہ ایک طرح کی بائیوگرافی فلم جیسی زندگی ہی جی رہی ہیں۔ماضی میں اپنی اداکاری اور فلموں کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ان سے متعلق اکثر لوگ یہ کہتے اور سوچتے ہیں کہ انہیں یہ کرنا چاہیے تھا، وہ کرنا چاہیے تھا، تاہم انہیں ماضی میں کیے گئے اپنے کام پر کوئی افسوس نہیں۔