ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا جلد ہی سلمان خان کے ساتھ فلم’ ’بھارت‘‘ میں جلوے بکھیرتی نظرآئیں گی۔وہ ان دنوں اپنی فلموں نہیں بلکہ ذاتی زندگی یعنی جلد سے جلد شادی کرنے کی خواہش کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔
یہ خبریں تو گزشتہ چند ہفتوں سے جاری تھیں کہ پریانکا چوپڑا جلد سے جلد امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔تاہم اب اس حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ اداکارہ آئندہ ایک ماہ کے اندر امریکی گلوکار سے منگنی کریں گی۔فلم فیئر نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس آئندہ ماہ جولائی کے آخر یا پھر اگست کے شروع میں منگنی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نک جونس جو ان دنوں پریانکا چوپڑا کے خاندان سے ملنے کے لیے بھارت میں موجود ہیں، انہوں نے حالیہ ملاقات کے دوران اپنی منگنی کی بات کو حتمی شکل دے دی۔ذرائع نے بتایا کہ نک جونس اور پریانکا چوپڑا کے خاندان کے درمیان جلد سے جلد منگنی کرنے پر اتفاق ہوا۔رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی منگنی کہاں ہوں گی اور تقریب میں کون کون شرکت کریں گے۔تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ منگنی کی تقریب امریکا میں منعقد ہوگی، جہاں دونوں اداکاروں کے اہل خانہ اور انتہائی قریبی دوست شامل ہوں گے۔