ممبئی(این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) فلم ’’پاکیزہ‘‘کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی نامور اداکارہ گیتا کپور نہایت کسمپرسی کی حالت میں چل بسیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی شہرہ آفاق فلم’پاکیزہ‘میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی نامور اداکارہ گیتاکپور 57برس کی عمر میں نہایت کسمپرسی کی حالت میں چل بسیں۔ فلمساز اشوک پنڈت نے
اداکارہ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیتا کپور نے اپنی آخری سانس ممبئی کے ایس آر وی اولڈ ایج ہوم میں لی۔ اشوک پنڈت نے لکھا وہ گیتا کپور کی لاش کے پاس کھڑے ہیں جنہیں ان کے بچوں نے نہایت محتاجی کی حالت میں ایک سال قبل ایس آر وی اسپتال میں تنہا چھوڑدیاتھا، جہاں وہ اپنے بچوں کا انتظار کرتی رہیں لیکن کوئی ان سے ملنے نہیں آیا۔گزشتہ برس گیتا کپور کو بلڈ پریشر کے مرض کے باعث ممبئی کے ایس آر وی اسپتال لایاگیا تھا جہاں ان کے بیٹے کوفیس جمع کرانے کیلئے کہا گیا تو وہ اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے کا کہہ کر رفو چکر ہوگیا۔ گیتا کپور بیٹے کی اس حرکت کا پتہ چلنے پر دلبرداشتہ ہوگئیں اور اپنی حالت پر زار و قطار رو نے لگیں، تاہم گیتا کپور کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پروڈیوسر رمیش تورانی اور اشوک پنڈت نے اسپتال کا ڈیڑھ لاکھ کا بل ادا کیا اوران کی دیکھ بھال کا ذمہ اٹھایا۔بعد ازاں انہیں اولڈ ایج ہوم منتقل کیا گیا، جہاں انہوں نے ایک بار اپنے بیٹے کے نامناسب رویے کی شکایت کی جیسے ان پرجسمانی تشدد اور غذا فراہم نہ کرنا وغیرہ۔اداکارہ کا بیٹا راجا ایک کوریو گرافر جبکہ بیٹی پوجا ایک ائیرہوسٹس ہے۔اداکارہ کو موت سے پہلے بچوں سے ملنے کی خواہش تھی مگر وہ کبھی ان سے ملنے نہیں آئے اور ہفتے کو ان کا انتقال ہوگیا۔اشوک پنڈت کے مطابق گیتا کپور آخری بار اپنے بچوں کو دیکھنا چاہتی تھیں مگر وہ کبھی ملنے نہیں آئے ‘ ان کی لاش 2 دن تک ہسپتال میں اس توقع کے ساتھ رکھی جائے گی کہ ان کے بچے آکر کم از کم آخری رسومات تو ادا کریں، ورنہ ہم آخری الوداع کے لیے ہر ممکن اچھے انتظامات کریں گے۔واضح رہے کہ اداکارہ گیتا کپور نے 100 سے زائد فلموں میں بطور جونیئر آرٹسٹ کام کیا ہے لیکن انہیں فلم ’’پاکیزہ‘‘ اور ’’رضیہ سلطانہ‘‘ کے حوالے سے بھی جانا جاتا ہے۔