لاہور(این این آئی) معروف کامیڈین ماجد جہانگیرفالج کا مہنگا علاج کروانے اور بے روزگاری کے باعث فاقہ کشی کا شکار ہونے پر امداد کیلئے ایک مرتبہ پھر لاہور پہنچ گئے۔سندھ حکومت کو امداد کیلئے کی جانے والی اپیلوں پر اتنا وقت گزرنے کے باوجود کوئی عملدرآمد نہ ہوسکا۔ لاہور آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماجد جہانگیر نے بتایا کہ فالج کے مرض نے سڑک پر لاکھڑا کیا ہے۔ اپنی صلاحیتوں سے ہمیشہ لوگوں کے اداس چہروں پر
مسکراہٹ بکھیری لیکن آج میں روٹی کے ایک لقمہ کو ترس گیا ہوں۔ماجد جہانگیر نے کہا کہ فن و ثقافت کے فروغ کیلیے کام کرنے والے اداروں کی اس سے بڑی بے حسی کیا ہوگی کہ کسی نے امداد کی اور نہ ہی خیریت پوچھی۔ اسی لیے میں زندہ دلان لاہور میں امداد کیلیے آیا ہوں۔ اس سلسلہ میں لاہور کی اہم شاہراہوں پر جاکر لوگوں سے امداد کی اپیل کروں گا۔