اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آئی جی اسلام آباد پولیس سہیل چوہدری نے ڈولفن فورس میں نئی بھرتیوں کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بھرتی کا عمل جلد شروع کیا جائے گا اور امیدواروں کے لیے عمر کی زیادہ سے زیادہ حد بڑھا کر 30 سال مقرر کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمر کی بالائی حد میں اضافہ متعلقہ قانونی ضوابط کے تحت کیا گیا ہے، جس سے مزید نوجوانوں کو اسلام آباد پولیس میں شامل ہونے کا موقع مل سکے گا۔آئی جی اسلام آباد کے مطابق گزشتہ چھ ماہ کے دوران فزیکل ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کرنے والے امیدواروں کو دوبارہ جسمانی امتحان دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ تاہم یہ رعایت عمر کی مقررہ اہلیت اور میڈیکل فٹنس کی شرائط سے مشروط ہوگی۔سہیل چوہدری نے واضح کیا کہ ڈولفن فورس میں بھرتیاں صرف اسلام آباد تک محدود نہیں ہوں گی بلکہ ملک کے تمام علاقوں سے نوجوان درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ بھرتیوں کے پورے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے نوجوانوں کو اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا حصہ بن کر ملک کی خدمت کرنے کا یہ ایک اچھا موقع ہے۔ اہل نوجوان بھرتی کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کریں۔



















































