اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کرپٹو مارکیٹ میں مندی کی لہر کے باعث بٹ کوائن کی قدر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور ڈیجیٹل کرنسی 60 ہزار ڈالر کی اہم حد سے نیچے گر کر دو سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی،
جس سے سرمایہ کاروں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔بٹ کوائن کی قیمت میں 5.10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قدر 55 ہزار 830 ڈالر رہ گئی۔ جولائی کے بعد پہلی مرتبہ اس ڈیجیٹل کرنسی کی قیمت 60 ہزار ڈالر سے نیچے آئی ہے۔سماء ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کرپٹو مارکیٹ میں مسلسل گراوٹ کے باعث سرمایہ کار دباؤ کا شکار ہیں اور مختلف ڈیجیٹل اثاثوں کی قدر میں کمی سے مالی نقصان کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت سے متعلق کمپنیوں کے اخراجات میں تیزی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں حصص کی بلند قیمتوں نے مارکیٹ میں بے یقینی پیدا کردی ہے۔ اس صورتحال میں سرمایہ کار ممکنہ نقصان سے بچنے کے لیے زیادہ خطرے والے اثاثوں سے اپنا سرمایہ نکال رہے ہیں، جس کا منفی اثر کرپٹو کرنسیوں کی قیمتوں پر بھی پڑ رہا ہے۔



















































